کراچی، 15 ستمبر 2026: سندھ حکومت نے لاڑکانہ، قمبر اور شہدادکوٹ کے عوام کے لیے پیپلز بس سروس کا نیا روٹ شروع کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت محکمہ ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ لاڑکانہ تا شہدادکوٹ بذریعہ قمبر پیپلز بس سروس کا نیا روٹ 18 ستمبر سے شروع کیا جائے گا۔
اجلاس میں محکمہ ٹرانسپورٹ کے حکام نے سینئر وزیر کو جاری ٹرانسپورٹ منصوبوں، نئے روٹس اور عوام کو جدید سفری سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے بریفنگ دی۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ نئے روٹ سے لاڑکانہ، قمبر، شہدادکوٹ اور اطراف کے علاقوں کے شہریوں کو بہتر اور باکفایت سفری سہولت میسر آئے گی۔
انہوں نے ہدایت کی کہ نئے روٹ کی سروس مقررہ وقت پر شروع کی جائے اور مسافروں کے لیے ضروری سہولیات کو بھی یقینی بنایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت پیپلز بس سروس کو صوبے کے دیگر شہروں اور اضلاع تک بھی وسعت دے رہی ہے۔
اجلاس میں گرین لائن اور اورنج لائن بی آر ٹی سمیت دیگر منصوبوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ شرجیل انعام میمن کے مطابق سندھ حکومت کی کوششوں سے گرین لائن کی روزانہ رائیڈر شپ 88 ہزار تک پہنچ چکی ہے، جبکہ اورنج لائن میں روزانہ 11 ہزار سے زائد افراد سفر کر رہے ہیں۔
اجلاس میں میرپورخاص میں خواتین میں پنک اسکوٹیز کی تقسیم، ڈبل ڈیکر بسز اور مزید الیکٹرک وہیکل (EV) بسز کے لیے نئے روٹس سے متعلق امور پر بھی غور کیا گیا۔ صوبائی وزیر نے متعلقہ حکام کو مزید ڈبل ڈیکر اور EV بسز کے روٹس کا کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔




