کراچی، 16 ستمبر 2026: اسپیکر سندھ اسمبلی سید اویس قادر شاہ نے جنوبی افریقہ کے شہر کیپ ٹاؤن میں منعقد ہونے والی 69ویں کامن ویلتھ پارلیمانی کانفرنس (CPC) کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔ افتتاحی تقریب کیپ ٹاؤن انٹرنیشنل کنونشن سینٹر میں منعقد ہوئی۔

69ویں کامن ویلتھ پارلیمانی کانفرنس کا مشترکہ انعقاد پارلیمنٹ آف دی ریپبلک آف ساؤتھ افریقہ اور کامن ویلتھ پارلیمانی ایسوسی ایشن (CPA) کی ساؤتھ افریقہ برانچ کر رہی ہے۔ کانفرنس 13 سے 19 ستمبر 2026 تک جاری رہے گی۔ کانفرنس کا موضوع ”بدلتے ہوئے عالمی نظام میں بین الاقوامی قانون اور پارلیمانی جمہوریت کا استحکام — کامن ویلتھ کی قیادت“ ہے۔

افتتاحی تقریب پیر، 14 ستمبر کو کیپ ٹاؤن انٹرنیشنل کنونشن سینٹر میں منعقد ہوئی، جس میں کامن ویلتھ کے مختلف ممالک سے اسپیکرز، پریزائیڈنگ افسران، اراکین پارلیمنٹ اور پارلیمانی حکام نے شرکت کی۔

سی پی اے کی صدر اور جنوبی افریقہ کی نیشنل کونسل آف پروونِسز کی چیئرپرسن ریفلوے متشونی-تسیپانے، نے شرکاء کا خیرمقدم کیا جبکہ جنوبی افریقہ کی نیشنل اسمبلی کی اسپیکر تھوکوزائل دیدیزا، ایم پی، نے بھی مختلف ممالک سے آنے والے پارلیمانی وفود کا خیرمقدم کیا۔ جنوبی افریقہ کی وزیر برائے منصوبہ بندی، نگرانی و جائزہ ماروپینے راموکگوپا نے صدرِ جنوبی افریقہ کی نمائندگی کرتے ہوئے افتتاحی تقریب سے خطاب کیا۔

69ویں کامن ویلتھ پارلیمانی کانفرنس کامن ویلتھ کی پارلیمانی اداروں کے نمائندوں کو جمہوری اداروں کو درپیش عصرِ حاضر کے چیلنجز پر غور و خوض، پارلیمانی تجربات اور بہترین طریقہ کار کے تبادلے، جبکہ جمہوریت، بین الاقوامی قانون، اچھی طرز حکمرانی، انسانی حقوق، ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے، ٹیکنالوجی اور دیگر باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم فراہم کر رہی ہے۔

کانفرنس کے پروگرام میں 42ویں سی پی اے اسمال برانچز کانفرنس، 10ویں کامن ویلتھ ویمن پارلیمنٹیرینز کانفرنس، سی پی اے جنرل اسمبلی، سی پی اے ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس اور مختلف خصوصی پارلیمانی ورکشاپس بھی شامل ہیں۔

اسپیکر سندھ اسمبلی سید اویس قادر شاہ کانفرنس میں سندھ اسمبلی کے وفد کی قیادت کر رہے ہیں۔ وفد میں تنزیلہ اُمِ حبیبہ، جام شبیر علی خان، خرم کریم سومرو، عادل الطاف انڑ، مہیش کمار، سید اعجاز حسین اور محمد یوسف بلوچ شامل ہیں، جبکہ سیکریٹری سندھ اسمبلی جی ایم عمر فاروق اور ڈائریکٹر جنرل میڈیا عرفان احمد میمن بھی وفد کے ہمراہ ہیں۔

اسپیکر سندھ اسمبلی اور وفد کی 69ویں کامن ویلتھ پارلیمانی کانفرنس میں شرکت سندھ اسمبلی کی پارلیمانی سفارت کاری، جمہوری اقدار، قانون سازی میں تعاون اور کامن ویلتھ کی مختلف پارلیمانوں کے ساتھ بہترین پارلیمانی طریقہ کار اور تجربات کے تبادلے کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔

69ویں کامن ویلتھ پارلیمانی کانفرنس 19 ستمبر تک کیپ ٹاؤن میں جاری رہے گی، جس کے دوران مختلف اجلاس، ورکشاپس، علاقائی اجلاس، سی پی اے جنرل اسمبلی اور دیگر پارلیمانی سرگرمیاں منعقد ہوں گی۔