کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر فریال تالپور نے بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناحؒ کی 78ویں برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔

فریال تالپور نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناحؒ کی زندگی عزم، دیانت اور آئینی جدوجہد کا لازوال درس ہے۔ انہوں نے صرف ایک وطن حاصل نہیں کیا بلکہ آنے والی نسلوں کو ایک ذمہ داری بھی سونپی۔

ان کا کہنا تھا کہ قائداعظم کا پاکستان انصاف، مساوات، برداشت اور قانون کی حکمرانی پر مبنی پاکستان ہے، جبکہ ان کے اصول اتحاد، ایمان اور تنظیم آج بھی پوری قوم کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔

فریال تالپور نے کہا کہ قائداعظم کو حقیقی خراجِ عقیدت ہر شہری کے وقار اور بنیادی حقوق کے تحفظ سے ہی ممکن ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے قائداعظم کے جمہوری اور آئینی وژن کو آگے بڑھایا۔ صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری بھی مضبوط، پُرامن، جمہوری اور خوشحال پاکستان کے وژن کو آگے بڑھا رہے ہیں۔

فریال تالپور نے کہا کہ قائداعظم کے خواب کو حقیقت بنانا پوری قوم کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

اپنے پیغام کے آخر میں انہوں نے قائداعظم محمد علی جناحؒ کے لیے بلندیٔ درجات اور پاکستان کی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کے لیے دعا بھی کی۔