کراچی: میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے شہر کی تقسیم اور چائنا کٹنگ کے معاملے پر ایم کیو ایم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی کو تقسیم کرنے کی کوشش کامیاب نہیں ہوگی۔

مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ ’’ایم کیو ایم کے کچھ لوگ کہتے ہیں کہ ہم نے نالوں، اسپتالوں اور پارکوں کی چائنا کٹنگ کرلی تو شہر کی بھی کر سکتے ہیں، ایسا ہو نہیں سکتا‘‘۔

میئر کراچی نے کہا کہ کراچی کو تقسیم کرنے یا شہر کے وسائل اور زمینوں پر من پسند فیصلے کرنے کی سیاست کو شہری مسترد کرچکے ہیں۔ ان کے مطابق شہر کو ترقی کی جانب لے جانے کے لیے مثبت اور تعمیری سیاست کی ضرورت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کراچی میں چائنا کٹنگ کرنے والوں کا خواب کبھی پورا نہیں ہوگا اور شہر کی ترقی کا سفر جاری رہے گا۔