کراچی: میر رضا کیس کی تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، نیشنل کرائم ڈیجیٹل ایجنسی نے بائنانس اور کرپٹو کرنسی سے متعلق گزشتہ 6 ماہ کا مکمل ڈیٹا حاصل کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق حاصل کیے گئے ڈیٹا سے گزشتہ 6 ماہ کے دوران روزانہ کی بنیاد پر ہونے والی کرپٹو کرنسی کی ٹرانزیکشنز کا ریکارڈ سامنے آسکے گا۔
ذرائع کے مطابق مقتول میر رضا کا کئی صفحات پر مشتمل کرپٹو ڈیٹا اور کال ڈیٹیل ریکارڈ طرز کی رپورٹ تحقیقاتی کمیٹی اور جوڈیشل کمیشن کو بھی جمع کروا دی گئی ہے۔
پولیس حکام نے تکنیکی ڈیٹا کی پیچیدگی کے باعث این سی سی آئی اے سے اس کے تفصیلی تجزیے کی باضابطہ درخواست کی ہے، تاکہ بائنانس سے متعلق تکنیکی معلومات کو سادہ اور عام فہم انداز میں سمجھا جاسکے۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ بیرونِ ملک سے حاصل ہونے والا کرپٹو ڈیٹا انتہائی تکنیکی نوعیت کا ہوتا ہے، جس کے تجزیے کے لیے این سی سی آئی اے کے کوڈنگ اور ٹیکنیکل ماہرین کی مدد لی جا رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق اس تجزیے سے یہ معلوم ہوسکے گا کہ میر رضا نے گزشتہ 6 ماہ کے دوران روزانہ کی بنیاد پر کتنی کرپٹو ٹرانزیکشنز کیں، کتنی رقم کا لین دین ہوا اور ٹرانزیکشنز کی نوعیت کیا تھی۔
حکام کے مطابق حاصل کردہ ڈیٹا کی سافٹ کاپی تمام متعلقہ اداروں کو ارسال کردی گئی ہے، جبکہ این سی سی آئی اے کی جانب سے ڈیٹا کا مکمل تکنیکی تجزیہ پولیس کو فراہم کیے جانے کا امکان ہے۔
تحقیقات مکمل ہونے کے بعد بائنانس اور کرپٹو ٹرانزیکشنز سے متعلق مزید تفصیلات سامنے آنے کی توقع ہے۔




