اسلام آباد: نیشنل ڈائیلاگ کمیٹی (NDC) نے وزیراعظم اور چیف جسٹس آف پاکستان کو خط لکھ کر ملک میں جاری سیاسی کشیدگی کے خاتمے اور سیاسی ماحول کو بہتر بنانے کے لیے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔

نیشنل ڈائیلاگ کمیٹی نے خط میں عمران خان کی فوری ہسپتال منتقلی، مناسب طبی سہولیات اور ڈاکٹروں تک رسائی یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔ کمیٹی نے کہا کہ سپریم کورٹ کے احکامات پر ان کی روح کے مطابق مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جانا چاہیے۔

خط میں سیاسی قیدیوں کو آئین اور قانون کے مطابق ریلیف دینے، جبکہ جائز سیاسی سرگرمیوں میں رکاوٹ بننے والی پابندیاں ختم کرنے کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔

نیشنل ڈائیلاگ کمیٹی نے حکومت، اپوزیشن اور تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے درمیان قومی ڈائیلاگ شروع کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں بڑھتے ہوئے سیاسی درجہ حرارت کو کم کرنے کے لیے فوری اقدامات ناگزیر ہیں۔

کمیٹی کے مطابق اس کے مطالبات کسی فرد یا سیاسی جماعت کے لیے خصوصی رعایت نہیں بلکہ قومی مفاد میں کیے گئے ہیں۔ آئینی حاکمیت اور قانون کی بالادستی کے لیے سیاسی مصالحت اور وسیع تر مذاکرات ضروری ہیں۔

نیشنل ڈائیلاگ کمیٹی نے وزیراعظم اور چیف جسٹس سے اپیل کی کہ وہ ملک میں سیاسی ماحول کو بہتر بنانے اور جاری سیاسی بحران کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔