کراچی: وفاقی حکومت کے ترجمان راجا انصاری نے سندھ میں نئے صوبے کے قیام کے مطالبے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ میں نیا صوبہ بنانے کی کوئی گنجائش نہیں۔

راجا انصاری کا کہنا تھا کہ کراچی کی اکثریت بھی ایم کیو ایم کے نئے صوبے سے متعلق مؤقف کے ساتھ نہیں ہے۔ ان کے مطابق سندھ کو تقسیم کرنے یا نئے صوبے کے قیام سے متعلق بیانیہ عوام کی حقیقی ترجیحات کی نمائندگی نہیں کرتا۔

انہوں نے کہا کہ کراچی ملک کا اہم معاشی مرکز ہے اور شہر کے مسائل کا حل انتظامی یا سیاسی تقسیم کے بجائے مؤثر حکمرانی، بہتر بلدیاتی نظام اور عوامی مسائل کے حل میں ہے۔

وفاقی حکومت کے ترجمان نے مزید کہا کہ سندھ ایک تاریخی اور ثقافتی اکائی ہے، اسے تقسیم کرنے کی باتیں کسی صورت عوامی مسائل کا مستقل حل نہیں ہوسکتیں۔

واضح رہے کہ ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے حالیہ دنوں میں سندھ سمیت ملک میں نئے صوبوں کے قیام کا مطالبہ سامنے آیا ہے۔ ایم کیو ایم کے رہنماؤں کا مؤقف ہے کہ موجودہ انتظامی ڈھانچہ بڑے شہروں اور علاقوں کی ضروریات پوری کرنے میں ناکام ہوچکا ہے، جبکہ مخالف سیاسی جماعتیں اس مطالبے کو سندھ کی تقسیم سے جوڑ کر مسترد کر رہی ہیں