کراچی: ملزمہ انمول عرف پنکی کو منشیات کے تین مقدمات میں عدالت نے بری کردیا۔ عدالت نے ملزمہ کی جانب سے دائر تینوں مقدمات میں بریت کی درخواستیں منظور کرلیں۔
وکیلِ صفائی کے مطابق انمول عرف پنکی کے خلاف گزری تھانے میں 2020، 2021 اور 2022 کے دوران منشیات کے تین مقدمات درج کیے گئے تھے۔ ملزمہ ان مقدمات میں مفرور تھی۔
وکیلِ صفائی نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ مذکورہ مقدمات میں گرفتار دیگر شریک ملزمان پہلے ہی بری ہوچکے ہیں، جبکہ انمول عرف پنکی کو بھی شریک ملزمان کے بیانات کی بنیاد پر مقدمات میں نامزد کیا گیا تھا۔
وکیل کے مطابق جب شریک ملزمان ہی عدالت سے بری ہوچکے ہیں تو انمول عرف پنکی کے خلاف بھی ان مقدمات میں سزا کا کوئی امکان باقی نہیں رہتا۔ اسی بنیاد پر عدالت سے ملزمہ کو بری کرنے کی استدعا کی گئی۔
عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد انمول عرف پنکی کی جانب سے دائر تینوں مقدمات میں بریت کی درخواستیں منظور کرتے ہوئے اسے بری کردیا۔
ذرائع کے مطابق انمول عرف پنکی کے خلاف دیگر مقدمات بھی مختلف عدالتوں میں زیرِ سماعت ہیں۔




