کراچی: ترجمان سندھ حکومت سعدیہ جاوید نے اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر اپنے اہم پیغام میں کہا ہے کہ سندھ صرف ایک صوبہ نہیں بلکہ تمام مذاہب کے احترام، رواداری اور باہمی ہم آہنگی کا گلدستہ ہے۔

سعدیہ جاوید نے کہا کہ سندھ میں ہندو، سکھ، مسیحی اور پارسی برادری کی خدمات صوبے کی ترقی اور خوشحالی میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم کسی کو محض ’’اقلیت‘‘ نہیں سمجھتے بلکہ سب کو برابر کا پاکستانی مانتے ہیں۔

ترجمان سندھ حکومت کے مطابق تعصب کے خلاف جدوجہد اور مذہبی رواداری کا فروغ سندھ حکومت کے سیاسی اور آئینی عزم کا حصہ ہے۔ اقلیتی برادری کو فیصلہ سازی کے عمل میں برابر کا حصہ دیا جا رہا ہے تاکہ تمام شہری اپنے مستقبل میں بھرپور کردار ادا کر سکیں۔

سعدیہ جاوید نے کہا کہ سندھ حکومت کا مقصد ایسا معاشرہ تشکیل دینا ہے جہاں خوف کی جگہ امن ہو اور ہر شہری کو مذہب سے بالاتر ہو کر روزگار، تعلیم اور ترقی کے یکساں مواقع حاصل ہوں۔

انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کا 11 اگست کا وژن ہی پاکستان کا اصل آئینی اور سیاسی راستہ ہے، جس میں تمام شہریوں کے مساوی حقوق اور مذہبی آزادی کو بنیادی اہمیت حاصل ہے۔

سعدیہ جاوید نے اپنے پیغام میں کہا کہ وقت آگیا ہے کہ نفرتوں اور تعصب کی دیواریں گرائی جائیں اور مل کر ایسے سندھ کی بنیاد رکھی جائے جہاں ہر مذہب اور برادری کا فرد خود کو محفوظ، باعزت اور برابر کا شہری محسوس کرے۔