میر رضا کے والد نے میڈیا پر گردش کرنے والی مبینہ آڈیوز کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ آڈیو میں موجود آواز نہ ان کی ہے اور نہ ہی میر رضا کی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس کیس کا آڈیو سے آخر کیا تعلق ہے اور معاملے کو غیر ضروری طور پر کسی اور سمت لے جانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میر رضا کے والد نے کہا کہ پہلے پوسٹ مارٹم کے معاملے میں بھی سوالات اٹھائے گئے اور اب قبر کشائی کے دوران آڈیوز سامنے آنے کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سمجھ نہیں آ رہا کہ یہ سب کون کر رہا ہے اور اس کے پیچھے کیا مقصد ہے۔

میر رضا کے والد نے مطالبہ کیا کہ معاملے کی اصل حقیقت سامنے لائی جائے اور کیس کو غیر متعلقہ آڈیوز کے بجائے ٹھوس شواہد اور قانونی طریقہ کار کے مطابق آگے بڑھایا جائے۔