اسلام آباد: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پاک سعودی مشترکہ دفاعی معاہدے کو ملکی تاریخ کا اہم سنگِ میل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس معاہدے سے پاکستان کی دفاعی صلاحیتیں مزید مضبوط ہوں گی۔

بلاول بھٹو زرداری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ یہ معاہدہ صرف سعودی عرب اور پاکستان کے تحفظ اور سلامتی کے لیے اہم نہیں بلکہ خطے اور عالمی امن کے لیے بھی ایک تاریخی دستاویز ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ عالمی خطرات اور بدلتی ہوئی صورتحال کے تناظر میں یہ معاہدہ پاکستان کے مستقبل کے تحفظ کے لیے انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے پاک سعودی دفاعی معاہدے کو ممکن بنانے میں وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کے کردار کو بھی قابلِ ستائش قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کا یہ معاہدہ خطے میں امن، سلامتی اور استحکام کے لیے اہم پیش رفت ثابت ہوسکتا ہے۔