کراچی: سندھ حکومت نے صوبے بھر کے تمام سرکاری اور نجی اسکولوں میں ہفتہ اور اتوار کو ہفتہ وار تعطیل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ یہ فیصلہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی منظوری کے بعد کیا گیا۔

ترجمان محکمہ تعلیم سندھ عاطف وگھیو کے مطابق نئے فیصلے کے تحت صوبے کے تمام سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں میں ہفتہ اور اتوار دونوں دن تعطیل ہوگی، جبکہ تعلیمی اوقات میں ایک گھنٹے کا اضافہ کیا جائے گا تاکہ نصابی سرگرمیوں کو مؤثر انداز میں جاری رکھا جا سکے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ اقدام سندھ حکومت کی بچت پالیسی پر عمل درآمد اور دستیاب وسائل کے مؤثر استعمال کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق نئے شیڈول کا مقصد تعلیمی معیار کو برقرار رکھتے ہوئے انتظامی اخراجات میں کمی لانا اور تدریسی عمل کو مزید مؤثر بنانا ہے۔

محکمہ تعلیم نے کہا ہے کہ اس فیصلے پر عمل درآمد سے متعلق تفصیلی ہدایات تمام سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں کو جاری کی جائیں گی۔