کراچی: حکومتِ سندھ نے صوبے بھر میں امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر دفعہ 144 کے تحت عائد پابندیوں میں مزید ایک ماہ کی توسیع کر دی ہے۔ محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق یہ توسیع یکم اگست 2026 سے نافذ العمل ہوگی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق صوبے بھر میں وال چاکنگ، احتجاج، مظاہروں، دھرنوں، ریلیوں اور اسلحے کی نمائش پر عائد پابندی آئندہ ایک ماہ تک برقرار رہے گی۔ حکومت کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ عوامی امن و امان اور سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔
محکمہ داخلہ نے واضح کیا ہے کہ رجسٹرڈ پرائیویٹ سیکیورٹی کمپنیوں کے گارڈز کو ڈیوٹی کے دوران اسلحہ رکھنے کی اجازت ہوگی، تاہم گاڑیوں میں سفر کے دوران یا عوامی مقامات پر گشت کرتے ہوئے اسلحے کی نمائش کی اجازت نہیں ہوگی۔ گارڈز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ایسے کسی بھی عمل سے گریز کریں جس سے عوام میں خوف یا عدم تحفظ کا احساس پیدا ہو۔
نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی اور متعلقہ تھانوں کے ایس ایچ اوز کو ضابطہ فوجداری اور پاکستان پینل کوڈ کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمات درج کرنے کے اختیارات حاصل ہوں گے۔
حکومت سندھ نے تمام متعلقہ اداروں، ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ نوٹیفکیشن پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنائیں تاکہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھی جا سکے۔




