کراچی: چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ کی زیرِ صدارت یومِ استحصالِ کشمیر کی تیاریوں کے حوالے سے ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں 5 اگست کو صوبہ بھر میں کشمیری عوام سے بھرپور اظہارِ یکجہتی کے لیے کیے جانے والے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکریٹری بلدیات، سیکریٹری اسکول ایجوکیشن، سیکریٹری اطلاعات، سیکریٹری جنرل ایڈمنسٹریشن، سیکریٹری کالج ایجوکیشن، سیکریٹری ثقافت و سیاحت سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی، جبکہ تمام ڈویژنل کمشنرز اور میونسپل کمشنر کراچی بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شریک ہوئے۔
چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ نے ہدایت کی کہ تمام محکمے اور ضلعی انتظامیہ یومِ استحصالِ کشمیر کی تقریبات کے لیے مربوط اور مؤثر اقدامات یقینی بنائیں تاکہ عوام کی زیادہ سے زیادہ شرکت ممکن بنائی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد کی بھرپور حمایت کرتا ہے اور یومِ استحصالِ کشمیر کی تقریبات اسی عزم کی عکاس ہونی چاہئیں۔
اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ 5 اگست کو سندھ کے تمام ڈویژنز اور اضلاع میں کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ریلیاں منعقد کی جائیں گی، جبکہ اہم سرکاری عمارتوں پر پاکستان اور آزاد کشمیر کے پرچم لہرائے جائیں گے۔
اس کے علاوہ اہم شاہراہوں، سیاحتی اور ثقافتی مقامات پر مسئلہ کشمیر کے حوالے سے خصوصی سٹی برانڈنگ کی جائے گی۔ تعلیمی اداروں میں مضمون نویسی، تقریری مقابلوں، مباحثوں اور کشمیر سے متعلق آگاہی پروگراموں کا بھی انعقاد کیا جائے گا تاکہ نئی نسل کو مسئلہ کشمیر کی تاریخی اور انسانی اہمیت سے آگاہ کیا جا سکے۔
محکمہ اطلاعات سندھ یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر جامع میڈیا اور عوامی آگاہی مہم بھی چلائے گا، جس کا مقصد کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کے پیغام کو مؤثر انداز میں اجاگر کرنا ہے۔
اجلاس کے اختتام پر چیف سیکریٹری سندھ نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ تقریبات کے انعقاد اور انتظامات کو بروقت مکمل کیا جائے تاکہ یومِ استحصالِ کشمیر بھرپور انداز میں منایا جا سکے اور کشمیری عوام کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل یکجہتی کا واضح پیغام دنیا تک پہنچایا جا سکے۔




