کراچی: جمشید کوارٹرز میں واقع پلاٹ نمبر JM-930 سے متعلق مبینہ غیر قانونی این او سی جاری کرنے کے معاملے پر میئر کراچی کی ہدایت پر کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (KMC) نے دو افسران کو معطل کرتے ہوئے انہیں شوکاز نوٹس جاری کر دیے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین آباد کی جانب سے میئر کراچی کو ارسال کیے گئے خط میں الزام عائد کیا گیا تھا کہ سندھ ہائی کورٹ کے اسٹے آرڈر کے باوجود متعلقہ کے ایم سی افسران نے مذکورہ پلاٹ کے لیے مبینہ طور پر غیر قانونی این او سی جاری کی۔ شکایت میں یہ بھی کہا گیا کہ این او سی مبینہ طور پر جعلی سیل ڈیڈ کی بنیاد پر جاری کی گئی، جس سے اختیارات کے ناجائز استعمال کا شبہ پیدا ہوا۔
میئر کراچی کی ہدایت پر معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے کے ایم سی نے ایڈیشنل ڈائریکٹر حافظ مغیرہ اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر نعیم الحق کو معطل کر دیا ہے۔ دونوں افسران کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے ان سے وضاحت طلب کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق اس معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور انکوائری رپورٹ کی روشنی میں آئندہ قانونی و انتظامی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔




