کراچی: سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت پبلک ٹرانسپورٹ منصوبوں کے لیے بس ڈپوز کی اراضی کی فراہمی اور ٹرانسپورٹ پلان سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں مختلف محکموں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، ڈائریکٹر جنرل کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی (کے ڈی اے) آصف جان صدیقی، مختلف اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور دیگر متعلقہ حکام شریک ہوئے۔ اجلاس کے دوران پبلک ٹرانسپورٹ منصوبوں اور بسوں کی پارکنگ و آپریشن کے لیے درکار اراضی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں ملیر، کورنگی، کراچی وسطی اور کراچی غربی کے ڈپٹی کمشنرز نے بھی شرکت کی، جبکہ مختلف اضلاع میں دستیاب سرکاری اراضی، مجوزہ مقامات اور مستقبل کی ضروریات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ حکومت پبلک ٹرانسپورٹ نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے 50 ڈبل ڈیکر بسیں اور 500 نئی الیکٹرک (EV) بسیں ٹرانسپورٹ نظام میں شامل کر رہی ہے، جس سے شہریوں کو محفوظ، آرام دہ اور ماحول دوست سفری سہولیات میسر آئیں گی۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ بس ڈپوز کے لیے موزوں سرکاری اراضی کی نشاندہی اور فراہمی کے عمل کو فوری طور پر مکمل کیا جائے تاکہ ماس ٹرانزٹ منصوبوں پر بروقت عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے۔
سینئر وزیر نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے اضلاع میں دستیاب خالی سرکاری اراضی کی فوری نشاندہی کریں تاکہ مستقبل کے ٹرانسپورٹ منصوبوں کے لیے بس ڈپوز قائم کیے جا سکیں۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سندھ حکومت شہریوں کو جدید، معیاری اور ماحول دوست پبلک ٹرانسپورٹ کی فراہمی کے لیے بھرپور اقدامات جاری رکھے گی، جبکہ 50 ڈبل ڈیکر اور 500 نئی الیکٹرک بسوں کی شمولیت سے صوبے کے ٹرانسپورٹ نظام میں نمایاں بہتری آئے گی۔




