اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی علی خورشیدی نے اراکینِ سندھ اسمبلی کے ہمراہ ضلع ملیر کے مختلف علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں انہوں نے مختلف یونین کونسلز میں عوام، تاجر برادری اور مقامی نمائندوں سے ملاقاتیں کیں اور کارنر میٹنگز سے خطاب بھی کیا۔

دورے کے دوران علی خورشیدی نے شہریوں کے مسائل، شکایات اور تجاویز براہِ راست سنیں۔ تاجر برادری نے کاروباری سرگرمیوں میں درپیش مشکلات، بڑھتے ہوئے اسٹریٹ کرائم اور بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی پر شدید تشویش کا اظہار کیا، جبکہ علاقہ مکینوں نے پانی، سیوریج، ٹوٹی ہوئی سڑکوں، صفائی اور بجلی جیسے بنیادی مسائل سے آگاہ کیا۔

اس موقع پر علی خورشیدی نے یقین دہانی کرائی کہ ملیر سمیت سندھ بھر کے عوامی مسائل کو سندھ اسمبلی کے اندر اور باہر ہر متعلقہ فورم پر بھرپور انداز میں اٹھایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کا حل سندھ حکومت کی آئینی اور اخلاقی ذمہ داری ہے، تاہم حکومت کی ناقص کارکردگی کے باعث ملیر کے عوام آج بھی پانی، نکاسیٔ آب، صفائی، خستہ حال سڑکوں اور دیگر بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔

اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت عوامی مسائل کے حل میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے، جبکہ پانی، سیوریج، صفائی اور ٹوٹی ہوئی سڑکیں حکومتی کارکردگی پر بڑا سوالیہ نشان ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی اور سندھ حکومت کا ہر سطح پر احتساب کرتی رہے گی۔

دورے کے موقع پر سندھ اسمبلی کے اراکین معید انور، جمال احمد، فیصل رفیق، معاذ محبوب اور مہیش کمار ہسیجا بھی علی خورشیدی کے ہمراہ موجود تھے۔