کراچی: حکومت سندھ نے کراچی کے شہریوں کو ٹریفک کی مشکلات سے ریلیف دینے کے لیے یونیورسٹی روڈ کی مکسڈ ٹریفک لین جلد کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ فیصلہ سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبے سے متعلق ایک اہم اجلاس میں کیا گیا۔

اجلاس میں ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبے پر جاری تعمیراتی کام، مختلف سیکشنز پر پیش رفت اور منصوبے کی مجموعی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، چیف ایگزیکٹو آفیسر ٹرانس کراچی زبیر چنہ، منصوبے کے کنسلٹنٹس اور دیگر متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران منصوبے کے مختلف حصوں پر جاری تعمیراتی سرگرمیوں، درپیش مسائل اور ان کے فوری حل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ حکام نے بتایا کہ ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبے پر تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے اور مختلف سیکشنز پر پیش رفت کو مزید تیز کرنے کے لیے تمام متعلقہ ادارے باہمی رابطے کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔

سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبہ کراچی کے عوام کے لیے ایک اہم اور انقلابی سفری منصوبہ ہے، جس کی بروقت تکمیل حکومت سندھ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ مقررہ مدت میں منصوبہ مکمل کرنے کے لیے اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں ادا کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت سندھ شہریوں کو بہتر، محفوظ، جدید اور ماحول دوست سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے، جبکہ ریڈ لائن بی آر ٹی کی تکمیل سے کراچی میں جدید پبلک ٹرانسپورٹ نظام کو فروغ ملے گا اور شہریوں کو آمدورفت میں نمایاں سہولت حاصل ہوگی۔