اسلام آباد: نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے ہکلہ۔ڈی آئی خان موٹروے پر کارروائی کرتے ہوئے نان کسٹم پیڈ ادویات اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔ کارروائی کے دوران 10 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی غیر قانونی ادویات برآمد کر لی گئیں جبکہ ایک ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔

ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق دورانِ پیٹرولنگ افسران نے ایک مشکوک گاڑی کو روک کر اس کی تلاشی لی، جس کے نتیجے میں گاڑی سے بھاری مقدار میں نان کسٹم پیڈ ادویات برآمد ہوئیں۔

حکام کے مطابق گرفتار ملزم یہ ادویات ضلع ژوب سے پشاور اسمگل کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔

برآمد شدہ ادویات، گاڑی اور گرفتار ملزم کو مزید قانونی کارروائی کے لیے کسٹمز حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

ترجمان موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ قومی شاہراہوں اور موٹرویز پر اسمگلنگ کے خلاف کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی تاکہ غیر قانونی سرگرمیوں کا مؤثر سدباب کیا جا سکے۔