کراچی: شارجہ سے کراچی آنے والا نجی کمپنی K2 Airways کا بوئنگ 737-400 کارگو طیارہ کراچی کے قریب حادثے کا شکار ہوگیا، جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار پانچوں پاکستانی فضائی ماہرین شہید ہوگئے۔
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے مطابق طیارہ شام 7 بج کر 12 منٹ پر شارجہ سے روانہ ہوا تھا اور رات 9 بج کر 20 منٹ پر کراچی پہنچنا تھا۔ تاہم رات 9 بج کر 18 منٹ پر عملے نے نیویگیشن سسٹم میں خرابی کی اطلاع دیتے ہوئے رہنمائی طلب کی، جس کے کچھ ہی لمحوں بعد طیارے سے رابطہ منقطع ہوگیا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق طیارہ کراچی سے تقریباً 155 میل مغرب میں، اورماڑا کے قریب بحیرۂ عرب میں حادثے کا شکار ہوا۔ واقعے کے بعد پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی، پاک بحریہ اور دیگر متعلقہ اداروں نے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کیا، جبکہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
طیارے میں پانچ پاکستانی عملہ سوار تھا، جن میں:
- پائلٹ محمد رضوان ادریس
- فرسٹ آفیسر فیصل محمود جتوئی
- لوڈ ماسٹر محمد توفیق خان
- ایئرکرافٹ انجینئر محمد حامد
- ایئرکرافٹ انجینئر محمد عارف صدیقی
قوم نے اس المناک حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کی پیشہ ورانہ خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔ اللہ تعالیٰ تمام شہداء کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور ان کے اہلِ خانہ کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔ آمین۔





