لاہور: نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) نے خواتین کو آن لائن ہراساں کرنے اور ان کی نجی تصاویر و ویڈیوز کے ذریعے بلیک میل کرنے میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
ترجمان کے مطابق کارروائیاں پنجاب NCCIA کے ڈائریکٹر محمد علی وسیم کی ہدایت پر کی گئیں۔ پہلے آپریشن میں لاہور سے ملزم فرحان گوہر کو گرفتار کیا گیا، جبکہ دوسرے آپریشن میں قصور سے محمد مشتاق کو حراست میں لیا گیا۔ دونوں کے قبضے سے موبائل فونز برآمد ہوئے جن میں قابلِ اعتراض مواد موجود تھا۔
حکام کے مطابق ملزمان متاثرہ خواتین کو ان کی نجی معلومات سوشل میڈیا پر شیئر کرنے کی دھمکیاں دے کر بلیک میل کرتے تھے۔ این سی سی آئی اے نے واضح کیا ہے کہ سائبر کرائم اور بلیک میلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی جاری رہے گی۔




