اسلام آباد: وزارتِ مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کے مطابق حج 2027 کے لیے رجسٹریشن کا عمل جاری ہے اور اب تک 80 ہزار سے زائد افراد اپنی رجسٹریشن مکمل کر چکے ہیں۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق رجسٹرڈ افراد میں 47 ہزار مرد اور 33 ہزار خواتین شامل ہیں، جن میں زیادہ تر کی عمر 25 سے 50 سال کے درمیان ہے۔ تعلیمی ریکارڈ کے مطابق درخواست گزاروں میں ہزار سے زائد پی ایچ ڈی، 17 ہزار ماسٹرز، 21 ہزار بیچلرز اور 12 ہزار سے زائد انٹرمیڈیٹ تعلیم یافتہ افراد شامل ہیں۔

وزارت کے مطابق حج رجسٹریشن بغیر کسی فیس کے جاری ہے اور یہ عمل سرکاری و نجی دونوں اسکیموں کے لیے لازمی قرار دیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ وقت پر رجسٹریشن حج انتظامات اور کوٹے کی تقسیم میں مددگار ثابت ہوگی۔