کراچی: سندھ اسمبلی کے بجٹ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر جیل خانہ جات و ورکس اینڈ سروسز علی حسن زرداری نے کہا کہ سندھ حکومت صوبے بھر میں ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام کر رہی ہے اور مختلف اضلاع میں سڑکوں اور بنیادی ڈھانچے کے متعدد منصوبے مکمل کیے جا چکے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ٹنڈو محمد خان میں 80 کلومیٹر سڑک مکمل کی گئی ہے، جبکہ تلہار-ٹنڈو باگو روڈ بھی پایۂ تکمیل تک پہنچ چکی ہے۔ اسی طرح ضلع ٹھٹھہ میں 120 کلومیٹر سڑکوں کی تعمیر مکمل کی گئی ہے۔
علی حسن زرداری نے کہا کہ نوشہرو فیروز سے پڈعیدن تک 26 کلومیٹر طویل سڑک بھی مکمل کر لی گئی ہے، جبکہ بجٹ میں پانچ بڑے ترقیاتی منصوبوں کو شامل کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مہران ہائی وے رانی پور منصوبے پر کام جاری ہے اور جاری اسکیموں پر مجموعی طور پر 32 ارب روپے خرچ کیے جائیں گے۔
وزیر ورکس اینڈ سروسز کے مطابق ضلع ٹھٹھہ میں 22، جامشورو میں 17، عمرکوٹ میں 25، دادو میں 11 اور شکارپور میں 13 ترقیاتی اسکیمیں مکمل کی جا چکی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے منشور کے مطابق سندھ بھر میں ترقیاتی منصوبوں کا سلسلہ جاری ہے اور عوام کو بہتر بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
علی حسن زرداری نے جیل خانہ جات کے محکمے میں اصلاحات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ قیدیوں کی فلاح اور بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے مختلف اصلاحاتی اقدامات کیے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ محکمہ جیل خانہ جات کو 34 نئی ایمبولینسز بھی فراہم کی گئی ہیں تاکہ طبی سہولیات کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سندھ حکومت اور پاکستان پیپلز پارٹی اپنے منشور کے مطابق عوامی خدمت اور ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے لیے کام جاری رکھے گی۔





