کراچی: سندھ اسمبلی کے بجٹ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سہیل انور سیال نے کہا کہ سندھ کے صحت کے ادارے آج پورے ملک کے عوام کو طبی سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گمبٹ انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز میں نہ صرف سندھ بلکہ خیبر پختونخوا سمیت ملک کے مختلف حصوں سے مریض علاج کے لیے آ رہے ہیں، جو ادارے کی کارکردگی اور عوامی اعتماد کا مظہر ہے۔
سہیل انور سیال نے کہا کہ سندھ حکومت نے صحت کے شعبے میں نمایاں سرمایہ کاری کی ہے، جس کے باعث صوبے کے بڑے اسپتالوں میں جدید طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج پورے پاکستان سے مریض سندھ کے اسپتالوں کا رخ کر رہے ہیں اور یہاں علاج کی معیاری سہولیات سے فائدہ اٹھا رہے ہیں، جو سندھ حکومت کی عوام دوست پالیسیوں کا ثبوت ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صحت کے شعبے میں مزید بہتری کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے تاکہ عوام کو بہتر اور معیاری طبی سہولیات میسر آ سکیں




