کراچی: سندھ اسمبلی کے بجٹ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن اسمبلی رانا ہمیر سنگھ نے کہا کہ سیاست میں سب سے پہلے ریاست اور قومی مفاد کو ترجیح دی جاتی ہے، جسے وہ "راج نیتی" قرار دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی شہادت کے بعد ملک بھر میں شدید بے چینی اور احتجاج کی صورتحال تھی، لیکن پارٹی قیادت نے "پاکستان کھپے" کا نعرہ دیا، جس کا مطلب تھا کہ پاکستان سب سے پہلے ہے۔ ان کے مطابق یہی حقیقی سیاست اور ریاستی ذمہ داری کا مظاہرہ تھا۔
رانا ہمیر سنگھ نے کہا کہ سندھ کی موجودہ قیادت نے تاریخ میں پہلی بار مسلسل 13 بجٹ پیش کرنے کا اعزاز حاصل کیا ہے، جو سیاسی استحکام اور حکومتی تسلسل کی علامت ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ نے رضاکارانہ طور پر اپنے حصے کے وسائل وفاق کو فراہم کیے تاکہ قومی مالی ضروریات پوری کی جا سکیں۔ ان کے مطابق صوبائی مفادات پر سمجھوتہ کرتے ہوئے قومی مفاد کو ترجیح دینا ہی حقیقی سیاست ہے۔
ملازمتوں کے حوالے سے انہوں نے دعویٰ کیا کہ سندھ میں 60 ہزار نوکریاں میرٹ کی بنیاد پر فراہم کی گئی ہیں، جس سے ہزاروں خاندانوں کو روزگار کے مواقع حاصل ہوئے۔
اپنے خطاب کے دوران رانا ہمیر سنگھ نے سندھ کی تاریخی اور تہذیبی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ لفظ "سندھو" سے ہی "ہندو" کا لفظ نکلا ہے اور یہ خطہ ہزاروں سال پرانی تہذیب اور ثقافت کا مرکز رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ اور پاکستان سے محبت ان کی شناخت کا حصہ ہے اور "اس دیس میں رہنا ہے، اسی دیس میں مرنا ہے" کے جذبے کے ساتھ ملک اور صوبے کی ترقی کے لیے کام جاری رکھا جائے گا




