کراچی: سندھ اسمبلی کے بجٹ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن اسمبلی علی حسن ہنگورجو نے کہا کہ ضلع سانگھڑ ملک کے اہم گیس اور پیٹرولیم پیدا کرنے والے اضلاع میں شامل ہے، لیکن افسوس کی بات یہ ہے کہ ضلع کے کئی علاقے اب بھی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سانگھڑ سے بڑی مقدار میں قدرتی گیس اور پیٹرولیم نکلتی ہے، تاہم کھپرو جیسے بڑے شہر میں آج تک گیس کی فراہمی ممکن نہیں بنائی جا سکی۔

علی حسن ہنگورجو نے وفاقی حکومت اور وفاقی وزیر پیٹرولیم سے مطالبہ کیا کہ گیس پیدا کرنے والے علاقوں کو ترجیحی بنیادوں پر گیس کی سہولت فراہم کی جائے اور کھپرو سمیت دیگر محروم علاقوں کے عوام کو ان کا حق دیا جائے۔

انہوں نے سیاسی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ بعض سیاسی رہنما آج اپنے اعمال کے نتائج بھگت رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں سیاسی مخالفین کے خلاف مقدمات درج کرانے کی سیاست کی گئی، جس کے اثرات آج بھی ملکی سیاست میں محسوس کیے جا رہے ہیں۔

علی حسن ہنگورجو نے کراچی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کراچی پاکستان کا معاشی اور تجارتی مرکز ہے اور یہ دنیا کے کئی بڑے شہروں سے بہتر صلاحیت اور مواقع رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر کی ترقی اور بہتری کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے تاکہ کراچی اپنی حقیقی شناخت کے مطابق مزید ترقی کر سکے۔