کراچی: سندھ اسمبلی کے بجٹ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے رکن اسمبلی انجینئر عثمان نے سندھ حکومت کے بجٹ اور کراچی کی صورتحال پر شدید تنقید کی۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کے تقریباً ساڑھے 7 لاکھ ملازمین ہیں جبکہ صوبائی سیلز ٹیکس کی مد میں 775 ارب روپے ریونیو حاصل کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے، جس میں سے تقریباً 700 ارب روپے کراچی سے جمع کیے جائیں گے۔
انجینئر عثمان نے کہا کہ سندھ کی 37 فیصد آبادی کراچی میں رہتی ہے، اس لیے کم از کم صوبائی اخراجات کا 37 فیصد حصہ کراچی کے لیے مختص ہونا چاہیے۔ ان کے مطابق کراچی ملک کی معاشی شہ رگ ہے لیکن اسے اس کا جائز حق نہیں دیا جا رہا۔
انہوں نے کہا کہ شاہراہِ بھٹو منصوبہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت تعمیر کیا گیا ہے اور اگر حکومت اسے اپنی کامیابی قرار دیتی ہے تو پھر اسے عالمی مالیاتی اداروں کے کردار کا بھی اعتراف کرنا چاہیے۔
ایم کیو ایم رہنما نے بجٹ کو غریب دشمن بجٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ کراچی کی آبادی دو کروڑ سے تجاوز کر چکی ہے، جبکہ غیر رجسٹرڈ آبادی کو شامل کیا جائے تو یہ تعداد ساڑھے تین کروڑ تک پہنچ جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہر کو روزانہ 1100 ملین گیلن پانی کی ضرورت ہے لیکن پانی کی فراہمی اب بھی ناکافی ہے۔ اسی طرح لاکھوں صارفین طویل لوڈشیڈنگ کا سامنا کر رہے ہیں اور بعض علاقوں میں 16 گھنٹے تک بجلی بند رہتی ہے۔
انجینئر عثمان نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ پہلوان گوٹھ کی تقریباً 20 ہزار آبادی شدید لوڈشیڈنگ سے متاثر ہے۔ انہوں نے ترقیاتی منصوبوں پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ منور انڈر پاس کے لیے 130 کروڑ روپے جاری کیے جا چکے ہیں لیکن منصوبے پر اب تک صرف 30 فیصد کام مکمل ہوا ہے۔
اپنی تقریر کے دوسرے حصے میں انہوں نے کہا کہ سندھ اسمبلی میں مخصوص نشستوں پر بیٹھنے والے ارکان بھی عوامی مسائل پر آواز اٹھائیں۔ انہوں نے کہا کہ "جب جب خاندانوں نے حکمرانی کی، وہاں تباہی ہوئی" اور منتخب نمائندوں کو عوام کا حقیقی خادم بننا چاہیے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ وفاق سے حاصل ہونے والے وسائل میں کراچی کا حصہ ہزاروں ارب روپے بنتا ہے، لہٰذا حکومت واضح کرے کہ شہر کی ترقی پر کتنی رقم خرچ کی گئی ہے۔
انجینئر عثمان نے کہا کہ کراچی کے عوام بنیادی سہولیات، پانی، بجلی، ٹرانسپورٹ اور انفراسٹرکچر کے مسائل کا سامنا کر رہے ہیں اور ان مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کی ضرورت ہے، صرف اعداد و شمار اور دعووں سے عوام کی مشکلات کم نہیں ہوں گی
Category:Latest




