کراچی: سندھ اسمبلی کے بجٹ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن اسمبلی ملک سکندر نے کہا کہ بعض سیاسی مخالفین شاہراہِ بھٹو منصوبے پر تنقید کر رہے ہیں، حالانکہ یہ منصوبہ عوامی سہولت اور کراچی کی بہتر ٹرانسپورٹ کے لیے تعمیر کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شاہراہِ بھٹو ایک عوامی خدمت کا منصوبہ ہے جس سے شہریوں کو آمد و رفت کی بہتر سہولیات میسر آئیں گی اور شہر کے ٹریفک مسائل میں کمی آئے گی۔
ملک سکندر نے مطالبہ کیا کہ شاہراہِ بھٹو پر موٹر سائیکل سواروں پر عائد پابندی ختم کی جائے اور ان کے لیے الگ لین تعمیر کی جائے تاکہ وہ بھی محفوظ اور آسان سفر کر سکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جامشورو ضلع سے ملیر ضلع تک ایک نئی سڑک تعمیر کی جائے تاکہ مختلف علاقوں کے درمیان رابطے کو مزید بہتر بنایا جا سکے اور عوام کو سفری سہولیات میسر آئیں۔
کھیلوں کے فروغ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ اسپورٹس کمپلیکس کی تعمیر کے لیے اپنی ذاتی زمین دینے کے لیے بھی تیار ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ تحصیل تھانہ بولا خان میں جدید اسپورٹس کمپلیکس تعمیر کیا جائے تاکہ نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں اور کھیلوں کے بہتر مواقع فراہم کیے جا سکیں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ترقیاتی منصوبوں کے ساتھ ساتھ کھیلوں اور نوجوانوں کی فلاح و بہبود پر بھی خصوصی توجہ دی جانی چاہیے۔




