کراچی: سندھ اسمبلی کے بجٹ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن اسمبلی ارباب لطف اللہ نے کہا کہ حکومت سندھ تھرپارکر میں عوامی مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے اور خصوصاً پانی کی فراہمی کے منصوبوں پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ تھرپارکر میں پانی کے مسئلے کے حل کے لیے مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے، جبکہ ٹیوب ویلز کی تنصیب کے باعث علاقے میں زرعی سرگرمیوں میں اضافہ ہوا ہے اور اب گندم کی کاشت بھی ممکن ہو رہی ہے۔
ارباب لطف اللہ نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری کو سڑکوں اور مواصلاتی شعبے کی ترقی میں خصوصی دلچسپی ہے، جس کے باعث صوبے میں مختلف روڈ انفراسٹرکچر منصوبوں پر کام جاری ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی کامیابی کی وجہ اس کی کارکردگی اور عوامی خدمت ہے۔ ان کے مطابق پارٹی نے سندھ بھر میں ترقیاتی کام کرائے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ عوام مسلسل پیپلز پارٹی پر اعتماد کا اظہار کرتے ہیں۔
خطاب کے دوران ارباب لطف اللہ نے کہا کہ ان کے آباؤ اجداد نے سندھ اسمبلی میں پاکستان کے قیام کی قرارداد کی حمایت کی تھی اور ان کے بزرگ پاکستان بنانے والوں میں شامل تھے۔
انہوں نے اسمبلی میں کراچی کو سندھ سے الگ کرنے سے متعلق بعض بیانات پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ ایسی گفتگو ایوان کے ریکارڈ سے حذف کی جانی چاہیے کیونکہ اس سے سندھ کے عوام اور منتخب نمائندوں کی دل آزاری ہوتی ہے۔
ارباب لطف اللہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سندھ کی وحدت، ترقی اور عوامی فلاح کے لیے پیپلز پارٹی اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔




