اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے وزیراعظم کی جانب سے مذاکرات کی پیشکش کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سیاسی مسائل کا حل صرف سیاسی بات چیت کے ذریعے ہی ممکن ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ملک میں محاذ آرائی کے بجائے سیاسی برداشت اور مذاکرات کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان سنجیدہ مذاکرات کا آغاز ہونا چاہیے۔ پی ٹی آئی کے بانی سے جیل میں ملاقاتوں پر پابندی باعث تشویش ہے۔
بیرسٹر گوہر نے مطالبہ کیا کہ پارٹی کے بانی سے اہلخانہ کی ملاقات کی اجازت دی جائے، اس اقدام سے ملک کا سیاسی ماحول بہتر ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ سیاست میں کسی کو ختم نہیں کیا جا سکتا، جبکہ سیاسی مخالفین کو جیلوں میں بھیجنا جمہوری رویہ نہیں ہے۔ اس وقت ٹکراؤ نہیں بلکہ برداشت اور بات چیت کی ضرورت ہے۔
مشرق وسطیٰ میں جنگ بندی کے حوالے سے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ یہ ایک مثبت پیش رفت ہے، خطے میں امن پوری دنیا کے لیے کامیابی ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ جنگ بندی اور امن کی کوششیں ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کی بنیاد بنیں گی۔




