کراچی: سندھ اسمبلی کے بجٹ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر سماجی بہبود میر طارق تالپور نے کہا کہ محکمہ سماجی بہبود صوبے میں بزرگ شہریوں، بچوں اور دیگر کمزور طبقات کی فلاح و بہبود کے لیے مختلف منصوبوں پر کام کر رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ محکمہ کی جانب سے سینیئر سٹیزن کارڈز جاری کیے گئے ہیں، جن کے ذریعے بزرگ شہریوں کو مختلف سہولیات اور مراعات فراہم کی جائیں گی۔
میر طارق تالپور نے کہا کہ سندھ حکومت بزرگ شہریوں کے لیے سینیئر سٹیزن شیلٹر ہومز قائم کر رہی ہے۔ کراچی میں ایک شیلٹر ہوم مکمل ہو چکا ہے جبکہ سندھ کے دیگر شہروں میں بھی ایسے مراکز قائم کیے جائیں گے تاکہ بے سہارا بزرگوں کو رہائش اور ضروری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
انہوں نے بتایا کہ چائلڈ پروٹیکشن ہیلپ لائن پر اب تک 2 لاکھ 70 ہزار سے زائد کالز موصول ہو چکی ہیں۔ بچوں کے مسائل کے حل اور تحفظ کے لیے سندھ کے 30 اضلاع میں ہیلپ لائن خدمات فراہم کر رہی ہے۔ اس کے علاوہ بچوں کے لیے شیلٹر ہومز بھی قائم کیے گئے ہیں۔
وزیر سماجی بہبود نے کہا کہ منشیات کے خاتمے کے لیے محکمہ سماجی بہبود، اینٹی نارکوٹکس فورس (ANF) کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے۔ اس سلسلے میں 18 ہزار سے زائد منشیات کے عادی افراد کا علاج اور بحالی کا عمل مکمل کیا جا چکا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ سندھ کے پسماندہ اور دور دراز علاقوں میں 3,985 این جی اوز مختلف سماجی اور فلاحی منصوبوں پر کام کر رہی ہیں، جن کے ذریعے عوام کو بنیادی سہولیات اور معاونت فراہم کی جا رہی ہے




