کراچی: سندھ اسمبلی کے بجٹ اجلاس میں پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن قاسم سراج سومرو نے کہا کہ سندھ حکومت سوشل سیکیورٹی اور سوشل پروٹیکشن کے شعبوں پر خصوصی توجہ دے رہی ہے تاکہ معاشرے کے کمزور طبقات کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

انہوں نے کہا کہ تھرپارکر ماضی میں ایک پسماندہ اور چیلنجز سے بھرپور علاقہ رہا ہے، تاہم گزشتہ چند برسوں میں وہاں نمایاں ترقی ہوئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ 2014 کے بعد تھر کول منصوبوں کی بدولت علاقے میں ترقی کا ایک نیا سفر شروع ہوا۔

قاسم سراج سومرو نے کہا کہ آج تھر کول کے منصوبوں سے ملک کو 3,500 میگاواٹ بجلی حاصل ہو رہی ہے، جو قومی توانائی کے شعبے میں ایک اہم پیش رفت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ تھرپارکر میں سمال ڈیمز کی تعمیر سے بھی ترقی کے عمل کو فروغ ملا ہے، جس کے باعث پانی کی دستیابی، زراعت اور مقامی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوئے ہیں۔