کراچی: ترجمان سندھ حکومت سعدیہ جاوید نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے 73ویں یومِ پیدائش کے موقع پر انہیں زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ محترمہ بینظیر بھٹو شہید نے ملکی تاریخ میں مظلوموں، محروموں اور پسماندہ طبقات کو آواز دی۔
انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ شہید بی بی نے ہر آمر کے سامنے کلمۂ حق بلند کیا اور جمہوریت، عوامی حقوق اور آئین کی بالادستی پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ محترمہ کی سیاسی بصیرت، تدبر اور جدوجہد دنیا بھر کی خواتین کے لیے ایک مثالی رول ماڈل ہے۔
سعدیہ جاوید نے کہا کہ سندھ حکومت آج بھی شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے فلاحی ویژن کے مطابق عوامی خدمت میں مصروفِ عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ بینظیر بھٹو شہید نے ملک کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنانے میں تاریخی کردار ادا کیا اور مزدوروں، کسانوں اور سرکاری ملازمین کے حقوق کے تحفظ کے لیے عملی اقدامات کیے۔
ترجمان سندھ حکومت کا کہنا تھا کہ شہید بی بی کا فلسفۂ مفاہمت آج بھی ملک کو بحرانوں سے نکالنے کا مؤثر راستہ ہے، جبکہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پاکستان پیپلز پارٹی محترمہ کے مشن کی تکمیل کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کل بھی عوام کے دلوں کی دھڑکن تھیں اور ہمیشہ زندہ رہیں گی۔





