کراچی: صوبائی وزیر ثقافت، سیاحت و نوادرات سید ذوالفقار علی شاہ نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی سالگرہ کے موقع پر خصوصی پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ محترمہ بینظیر بھٹو شہید نے عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت اور پرامن ثقافتی تشخص اجاگر کیا۔
انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ محترمہ شہید صرف ایک لیڈر نہیں بلکہ سندھ کی دھرتی کا فخر اور بین الاقوامی وژن کی مالک تھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شہید بی بی کا طرزِ سیاست اور مفاہمت کی سوچ دنیا بھر کے سیاسی نصاب کا حصہ بن چکی ہے۔
سید ذوالفقار علی شاہ نے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو نے ہمیشہ پاکستان کے تاریخی ورثے اور صوفیانہ ثقافت کو فروغ دیا، جبکہ سندھ کا شعبہ سیاحت اور ثقافت آج بھی ان کے روشن خیال پاکستان کے خواب کا عکاس ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے وفاقِ پاکستان کو مضبوط کیا اور آمریت کے اندھیروں کے خاتمے میں اہم کردار ادا کیا۔ ان کے مطابق بلاول بھٹو زرداری اور صدر آصف علی زرداری محترمہ کی ترقی پسند سوچ کے علمبردار ہیں۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ محترمہ کی سیاسی جدوجہد اور قربانیاں آنے والی نسلوں کے لیے غیرت، حوصلے اور جمہوری جدوجہد کا اہم درس ہیں، جبکہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو دنیا کے مظلوموں کی آواز اور رہتی دنیا تک ایک لازوال کردار ہیں۔





