کراچی: سندھ اسمبلی کے بجٹ اجلاس میں ایم کیو ایم کی رکن اسمبلی مسرت جبیں نے بجٹ پر بحث کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان آج عالمی سطح پر عزت اور وقار کے ساتھ کھڑا ہے اور دنیا میں امن کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کر رہا ہے، تاہم ملک کے اندر عوام کو درپیش بنیادی مسائل کے حل پر بھی توجہ دینا ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ چاہتی ہیں کہ عوامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔ انہوں نے اپنی مثال دیتے ہوئے کہا کہ اپریل میں ان کے اپنے گھر کا پانی بند ہوگیا تھا، جس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ عام شہری کس طرح مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔
مسرت جبیں نے سوال اٹھایا کہ شہر میں عام آدمی کس طرح اپنی زندگی گزار رہا ہے جبکہ بنیادی سہولیات کی فراہمی میں مسلسل مشکلات درپیش ہیں۔
انہوں نے سندھ میں ایچ آئی وی کیسز میں اضافے پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صحت کے شعبے میں مزید مؤثر اقدامات کی ضرورت ہے۔
رکن اسمبلی نے محکمہ تعلیم میں مانیٹرنگ اسسٹنٹس کی بھرتیوں کا معاملہ بھی اٹھایا اور کہا کہ انٹرویوز اور نتائج آنے کے باوجود امیدواروں کو تاحال ملازمتیں نہیں دی گئیں، جس سے نوجوانوں میں بے چینی پائی جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ الزام تراشیوں سے مسائل حل نہیں ہوں گے بلکہ تمام فریقین کو مل کر آگے بڑھنا ہوگا۔ مسرت جبیں نے کراچی کو ایک خوبصورت گلدستے سے تشبیہ دیتے ہوئے کہا کہ اس شہر میں مختلف قومیتوں اور طبقات کے لوگ آباد ہیں اور سب کو ساتھ لے کر چلنا وقت کی ضرورت ہے