کراچی: سندھ اسمبلی کے بجٹ اجلاس میں پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن شاہ حسین شاہ شیرازی نے سندھ میں پانی کی قلت پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پانی کا مسئلہ انتہائی سنگین صورت اختیار کر چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹھٹھہ میں ٹیل کے علاقوں تک پانی نہیں پہنچ رہا جس کے باعث کاشتکاروں اور مقامی آبادی کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے صوبائی وزیر آبپاشی سے مطالبہ کیا کہ اس مسئلے پر فوری توجہ دی جائے اور متاثرہ علاقوں کو پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

شاہ حسین شاہ شیرازی نے کہا کہ پانی کی مسلسل قلت کے باعث زرعی سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں اور عوام مشکلات کا شکار ہیں۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ ٹھٹھہ اور سجاول کے اضلاع کو آفت زدہ قرار دیا جائے تاکہ متاثرہ عوام اور کاشتکاروں کو ریلیف فراہم کیا جا سکے اور نقصانات کے ازالے کے لیے خصوصی اقدامات کیے جائیں