کراچی: سندھ اسمبلی کے بجٹ اجلاس میں ایم کیو ایم کی رکن اسمبلی کرن مسعود نے بجٹ پر بحث کرتے ہوئے کہا کہ کراچی پورے ملک کا معاشی مرکز ہے، جو نہ صرف روزگار فراہم کرتا ہے بلکہ ملک بھر سے آنے والے لوگوں کو پناہ بھی دیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کوٹہ سسٹم کے نفاذ کے ذریعے سندھ کو دیہی اور شہری بنیادوں پر تقسیم کیا گیا، جبکہ ہم بانیانِ پاکستان کی اولاد ہیں اور مزید تقسیم نہیں چاہتے۔
کرن مسعود نے کراچی کے تعلیمی نظام پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہر کے متعدد اسکولوں میں سائنس لیبز اور کمپیوٹر لیبز موجود نہیں ہیں، جبکہ کئی اسکول چپراسیوں اور چوکیداروں جیسی بنیادی افرادی قوت سے بھی محروم ہیں۔
انہوں نے امن و امان کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے بتایا کہ جمعے کے روز ان کی گاڑی چھین لی گئی، جو شہر میں بڑھتے ہوئے جرائم کی عکاسی کرتا ہے۔
ایم کیو ایم کی رکن اسمبلی نے کہا کہ کراچی کو درپیش مسائل اتنے زیادہ ہیں کہ ان کی سمجھ سے بالاتر ہے کہ آخر کس محکمے کی کارکردگی کی تعریف کی جائے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ شہری مسائل کے حل، تعلیمی سہولیات کی فراہمی اور امن و امان کی بہتری کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں




