کراچی: سندھ اسمبلی کے بجٹ اجلاس میں پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن تاج محمد ملاح نے سندھ کے پانی کے مسئلے، بدین میں بنیادی سہولیات کی فراہمی اور تعلیمی منصوبوں کی تکمیل پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی میں سندھ کے پانی کے حق کے لیے مؤثر آواز بلند کی گئی ہے، جس پر وہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے شکر گزار ہیں۔
تاج محمد ملاح نے کہا کہ اس وقت سندھ کو سب سے زیادہ ضرورت نہری پانی کی ہے، جبکہ ضلع بدین کے عوام پینے کے صاف پانی کی فراہمی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ عوام کو بنیادی ضرورت یعنی پینے کا پانی فراہم کیا جائے۔
انہوں نے نشاندہی کی کہ گیس بدین سے نکلتی ہے، لیکن بدین کے کئی علاقے آج بھی گیس کی سہولت سے محروم ہیں، لہٰذا مقامی آبادی کو اس کا حق دیا جانا چاہیے۔
رکن اسمبلی نے مزید مطالبہ کیا کہ بدین کیڈٹ کالج مکمل ہو چکا ہے، اس لیے اسے رواں سال ہی فعال کیا جائے تاکہ طلبہ کو معیاری تعلیمی سہولیات میسر آ سکیں۔
انہوں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ بدین کیمپس کو مکمل یونیورسٹی کا درجہ دیا جائے تاکہ ضلع کے نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم کے بہتر مواقع اپنے علاقے میں ہی دستیاب ہوں۔
Category:Latest




