کراچی: سندھ اسمبلی کے بجٹ اجلاس میں پاکستان پیپلز پارٹی کی رکن اسمبلی خیر النساء مغل نے بجٹ پر بحث کرتے ہوئے صحت، ٹرانسپورٹ اور امن و امان کے شعبوں میں مزید اقدامات کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ میرپورخاص میں این آئی سی وی ڈی (NICVD) کا مرکز قائم کیا جائے تاکہ دل کے امراض میں مبتلا مریضوں کو جدید طبی سہولیات مقامی سطح پر فراہم کی جا سکیں۔
خیر النساء مغل نے سندھ پیپلز بس سروس کو عوام دوست منصوبہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سروس سے شہریوں کو سفری سہولیات میں نمایاں ریلیف ملا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ میرپورخاص میں پیپلز بسوں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے تاکہ عوام کو مزید بہتر ٹرانسپورٹ سہولیات میسر آ سکیں۔
انہوں نے کہا کہ سندھ میں اکثر بڑے ترقیاتی منصوبوں کا آغاز کراچی سے کیا جاتا ہے، تاہم دیگر شہروں کو بھی ترقیاتی منصوبوں میں مناسب حصہ ملنا چاہیے۔
پیپلز پارٹی کی رکن اسمبلی نے منشیات کے بڑھتے ہوئے مسئلے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جس علاقے میں منشیات فروشی یا استعمال کی شکایات سامنے آئیں، وہاں کے متعلقہ ایس ایچ او کو ذمہ دار قرار دیا جائے تاکہ اس ناسور کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات یقینی بنائے جا سکیں۔
خیر النساء مغل نے ماضی کے کراچی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایک وقت تھا جب شہر میں بوری بند لاشیں ملنا معمول بن چکا تھا، تاہم آج حالات میں بہتری آئی ہے اور امن و امان کے قیام کے لیے مزید کوششوں کی ضرورت ہے