اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے وزیراعظم کی تبدیلی سے متعلق قیاس آرائیوں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایسی خبریں پھیلا کر بعض عناصر ملک میں عدم استحکام پیدا کرنا چاہتے ہیں۔

صحافی کے سوال پر جواب دیتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ وزیراعظم کی تبدیلی سے متعلق تمام افواہیں غلط ہیں، شہباز شریف ملک کی قیادت بہترین انداز میں کر رہے ہیں اور پاکستان کو دنیا بھر میں عزت و احترام حاصل ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ہمیشہ اپوزیشن سے مذاکرات کے لیے تیار رہی ہے، جبکہ اپوزیشن میں رہتے ہوئے ہمارے خلاف بھی مقدمات درج کیے گئے تھے۔

ایران پر عائد پابندیوں کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ اگر یہ پابندیاں ختم ہوتی ہیں تو اس کا فائدہ پاکستان کی معیشت کو بھی پہنچے گا۔

گلگت بلتستان کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) وہاں اپوزیشن کا کردار ادا کرے گی۔

واضح رہے کہ گلگت بلتستان میں پیپلز پارٹی نے زیادہ نشستیں حاصل کی ہیں اور حکومت سازی کے لیے دیگر جماعتوں سے بات چیت جاری ہے۔