کراچی: سندھ اسمبلی میں بجٹ 2026-27 پر بحث کے دوران پاکستان پیپلز پارٹی کی رکن اسمبلی ہیر سوہو نے کہا کہ سندھ اس وقت پانی کی شدید قلت کا سامنا کر رہا ہے جس کے باعث صوبے کی زرعی معیشت بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سجاول، ٹھٹھہ، بدین اور ٹنڈو محمد خان سمیت ساحلی اضلاع پانی کی کمی سے سب سے زیادہ متاثر ہیں، جس کے باعث کاشتکاروں اور مقامی آبادی کو مشکلات کا سامنا ہے۔
ہیر سوہو نے پیپلز ہاؤسنگ اسکیم کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اب تک 10 لاکھ گھر تعمیر کر چکی ہے۔ انہوں نے اپوزیشن کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ جس ضلع کا دورہ کرنا چاہیں، حکومت انہیں عوام کے لیے تعمیر کیے گئے گھر دکھانے کے لیے تیار ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ عوامی سفری سہولیات کو بہتر بنانے کے لیے گلشن حدید سے ٹھٹھہ تک پیپلز بس سروس کا آغاز کیا جائے تاکہ شہریوں کو سستی اور معیاری ٹرانسپورٹ میسر آ سکے۔
سندھ کی تقسیم اور کراچی کو وفاق کے حوالے کرنے سے متعلق بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے ہیر سوہو نے کہا کہ کچھ عناصر ماضی میں کراچی کو وفاق کے حوالے کرنے کی بات کرتے رہے ہیں، تاہم سندھ کے عوام ایسی کسی تجویز کو قبول نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ کی وحدت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا اور اگر صوبے کی تقسیم کی بات کی گئی تو سندھ کی خواتین بھی اپنے حقوق اور صوبے کے تحفظ کے لیے بھرپور آواز اٹھائیں گی




