کراچی: سندھ اسمبلی میں بجٹ 2026-27 پر بحث کے دوران پاکستان پیپلز پارٹی کی رکن اسمبلی سمعیتا افضال سید نے کہا کہ اپوزیشن تعمیری تجاویز دینے کے بجائے صرف سرخیاں بنانے کے لیے تنقید کر رہی ہے، جبکہ سندھ حکومت مختلف شعبوں میں عملی اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 2008 کے بعد سندھ حکومت نے جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر (JPMC) کی ذمہ داری سنبھالی اور آج یہ ادارہ جدید طبی سہولیات فراہم کر رہا ہے۔ ان کے مطابق جے پی ایم سی میں روبوٹک سرجری جیسی جدید طبی خدمات بھی دستیاب ہیں۔
سمعیتا افضال سید نے کہا کہ سندھ کے سرکاری اسپتال نہ صرف صوبے بلکہ پورے ملک کے مریضوں کو علاج فراہم کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق پنجاب سے آنے والے 31 فیصد جبکہ خیبرپختونخوا سے آنے والے 17 فیصد مریضوں کو بھی سندھ کے اسپتالوں میں طبی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔
انہوں نے ماضی کی صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایک وقت تھا جب شہریوں کو بھتہ اور فطرے کی پرچیاں موصول ہوتی تھیں، لیکن آج حالات میں نمایاں بہتری آئی ہے۔
رکن اسمبلی نے کہا کہ ای چالان نظام کے نفاذ کے بعد ٹریفک قوانین پر عملدرآمد میں بہتری آئی ہے اور ٹریفک حادثات میں 30 فیصد تک کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سندھ انٹرنیشنل فنانس سینٹر کراچی میں قائم کیا جا رہا ہے، جو سرمایہ کاری، کاروباری سرگرمیوں اور معاشی ترقی کے لیے اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔
سمعیتا افضال سید کا کہنا تھا کہ عوام بخوبی جانتے ہیں کہ کس نے عملی ترقیاتی کام کیے اور کس نے صرف نعرے بازی اور تنقید کی سیاست کی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت عوامی خدمت اور ترقی کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے اور اس سفر کو جاری رکھے گی۔




