کراچی: سندھ اسمبلی کے بجٹ اجلاس میں پاکستان پیپلز پارٹی کی رکن اسمبلی ریحانہ لغاری نے بجٹ پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ سندھ ان کے لیے ایک مقدس سرزمین ہے اور یہ اولیائے کرام کی دھرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی سندھ کو کسی بحران کا سامنا کرنا پڑا، پیپلز پارٹی کی قیادت نے مؤثر کردار ادا کرتے ہوئے صوبے کو مشکلات سے نکالا۔

ریحانہ لغاری نے اپنے خطاب میں سجاول اور ٹھٹھہ کے عوامی مسائل پر بھی توجہ دلائی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ٹھٹھہ-سجاول روڈ کو ڈبل کیا جائے تاکہ علاقے میں ٹریفک کے مسائل کم ہوں اور سفری سہولیات بہتر بنائی جا سکیں۔

انہوں نے صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن سے درخواست کی کہ خواتین اساتذہ کے لیے خصوصی ٹرانسپورٹ سہولت فراہم کی جائے تاکہ انہیں دورانِ سفر درپیش مشکلات میں کمی آئے۔

پیپلز پارٹی کی رکن اسمبلی نے مزید مطالبہ کیا کہ سجاول میں یونیورسٹی کیمپس یا لا کالج قائم کیا جائے تاکہ مقامی طلبہ کو اعلیٰ تعلیم کے بہتر مواقع میسر آ سکیں اور انہیں دیگر شہروں کا رخ نہ کرنا پڑے۔

انہوں نے کہا کہ تعلیم، مواصلات اور خواتین کی سہولتوں پر توجہ دینا صوبے کی ترقی کے لیے ناگزیر ہے اور حکومت کو ان شعبوں میں مزید اقدامات کرنے چاہئیں