کراچی: سندھ اسمبلی کے بجٹ اجلاس میں پاکستان پیپلز پارٹی کی رکن اسمبلی حنا دستگیر نے مالی سال 2026-27 کے بجٹ پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ معاشی حالات میں یہ بجٹ عوام کے لیے مشکلات کا باعث بن سکتا ہے، کیونکہ لوگوں کو تنخواہوں میں زیادہ اضافے کی توقع تھی۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں صدر آصف علی زرداری نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں نمایاں اضافہ کیا تھا اور عوام کو اس مرتبہ بھی اسی نوعیت کے اقدامات کی امید تھی۔

حنا دستگیر کا کہنا تھا کہ اس وقت این ایف سی ایوارڈ کے معاملے پر مختلف حلقوں میں بحث جاری ہے، تاہم پیپلز پارٹی نے ہمیشہ صوبوں کے حقوق کے لیے مؤقف اختیار کیا ہے اور این ایف سی ایوارڈ کے معاملے پر کبھی مصلحت کا شکار نہیں ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت تعلیم اور صحت کے شعبوں کو ترجیح دیتی ہے اور صوبائی بجٹ میں ان دونوں شعبوں کے لیے سب سے زیادہ فنڈز مختص کیے جاتے ہیں تاکہ عوام کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

رکن اسمبلی نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو مالی امور کا ماہر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں صوبائی حکومت محدود وسائل کے باوجود ترقیاتی اور فلاحی منصوبوں کو آگے بڑھا رہی ہے۔

حنا دستگیر نے مزید کہا کہ سندھ حکومت شہری اور دیہی دونوں علاقوں میں یکساں ترقی کے لیے کام کر رہی ہے اور صوبے کے تمام علاقوں میں عوامی مسائل کے حل پر توجہ دی جا رہی ہے۔