کراچی: سندھ اسمبلی کے بجٹ اجلاس میں پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن اسمبلی یوسف بلوچ نے مالی سال 2026-27 کے بجٹ پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ اور صوبائی کابینہ کو بجٹ پیش کرنے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ مشکل معاشی حالات کے باوجود ایک متوازن اور عوام دوست بجٹ پیش کیا گیا ہے۔

یوسف بلوچ نے صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ خواتین کے لیے پنک بس سروس اور الیکٹرک اسکوٹیز جیسے منصوبے انقلابی اقدامات ہیں، جن سے خواتین کی نقل و حمل اور خودمختاری میں بہتری آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ لیاری میں ایک وقت منشیات فروشوں اور گٹکا مافیا کا راج تھا، تاہم حکومتی اقدامات کے نتیجے میں منشیات کے خلاف 60 فیصد کامیابی حاصل کی جا چکی ہے، جبکہ مزید کارروائیاں جاری ہیں۔

رکن اسمبلی کا کہنا تھا کہ لیاری میں اب امن بحال ہو چکا ہے اور حالات ماضی کے مقابلے میں نمایاں طور پر بہتر ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ نوجوانوں کی تفریح کے لیے فٹبال میچز بڑی اسکرینوں پر دکھائے جا رہے ہیں، جس سے کھیلوں کے فروغ میں مدد مل رہی ہے۔

یوسف بلوچ نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے لیاری کے لیے 25 ارب روپے کے ترقیاتی منصوبے دیے ہیں، جن کے ٹینڈرز مکمل ہو چکے ہیں۔ انہوں نے متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ مون سون سیزن کے باوجود ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کی جائے تاکہ عوام جلد ان منصوبوں سے مستفید ہو سکیں۔