کراچی: سندھ اسمبلی میں بجٹ 2026-27 پر بحث کے دوران پاکستان پیپلز پارٹی کی رکن اسمبلی روما مشتاق مٹو نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مشکل معاشی حالات کے باوجود ایک متوازن اور عوام دوست بجٹ پیش کیا ہے۔

انہوں نے اپنی تقریر کے آغاز میں سابق وزیراعظم شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی سالگرہ کے موقع پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا اور کہا کہ 21 جون ملک کی تاریخ کا ایک اہم دن ہے، جب ایک عظیم سیاسی رہنما نے جنم لیا۔

روما مشتاق مٹو نے کہا کہ موجودہ بجٹ میں عوامی فلاح و بہبود کو ترجیح دی گئی ہے، تاہم اپوزیشن جماعتیں اس کے مثبت پہلوؤں کو تسلیم کرنے کے بجائے صرف تنقید کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بعض سیاسی جماعتوں کو پیپلز پارٹی کی کارکردگی اور عوامی مقبولیت ہضم نہیں ہو رہی۔

اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کراچی کے مسائل پر بات کرنے والے یہ بھی بتائیں کہ ماضی میں شہر کے حالات کے ذمہ دار کون تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک وقت ایسا تھا جب کراچی کے نوجوانوں کو تعلیم اور ترقی کے مواقع دینے کے بجائے تشدد کی طرف دھکیلا گیا۔

رکن اسمبلی نے کہا کہ بعض سیاسی جماعتیں آج بھی تعمیری سیاست کے بجائے محض تنقید اور الزام تراشی کی سیاست کر رہی ہیں۔ انہوں نے اپوزیشن کے طرزِ عمل پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ وہ سارا دن شور شرابا اور تنقید میں مصروف رہتے ہیں، جبکہ پیپلز پارٹی عوامی خدمت اور ترقیاتی کاموں پر توجہ دے رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت عوامی مسائل کے حل، ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل اور صوبے کی خوشحالی کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی اور عوام کے اعتماد پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کرے گی