کراچی: سندھ اسمبلی میں بجٹ 2026-27 پر بحث کے دوران پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن اسمبلی سردار خان چانڈیو نے کہا ہے کہ عوامی مسائل کے مؤثر حل کے لیے وزراء کو براہِ راست عوام کے درمیان جانا چاہیے اور کھلی کچہریوں کا انعقاد بند کمروں کے بجائے عوامی مقامات پر کیا جانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ قمبر ضلع میں زچگی اور ماں و بچے کی صحت سے متعلق سہولیات میں مزید اضافہ کیا جائے تاکہ خواتین کو بہتر طبی خدمات فراہم کی جا سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ صحت کے شعبے میں مزید سرمایہ کاری وقت کی اہم ضرورت ہے۔
سردار خان چانڈیو نے وزیر تعلیم سے مطالبہ کیا کہ وہ خود مختلف اسکولوں کا دورہ کریں اور زمینی حقائق کا جائزہ لیں۔ انہوں نے کہا کہ صرف رپورٹس پر انحصار کرنے کے بجائے متعلقہ وزراء کو عوام کے درمیان جا کر مسائل سننے اور ان کے حل کے لیے عملی اقدامات کرنے چاہئیں۔
انہوں نے کہا کہ آئی بی اے نے ان کے علاقے کے نوجوانوں کو تعلیم اور روزگار کے بہتر مواقع فراہم کیے ہیں اور یہ ادارہ مقامی نوجوانوں کے لیے ایک امید کی کرن ثابت ہوا ہے۔
رکن اسمبلی نے نشاندہی کی کہ قمبر کو ضلع بنے 20 برس گزر چکے ہیں، تاہم اب بھی کئی بنیادی مسائل حل طلب ہیں۔ انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ سے اپیل کی کہ وہ تھانوں کا دورہ کریں اور خود جائزہ لیں کہ مختلف علاقوں میں امن و امان کے مسائل کی وجوہات کیا ہیں۔
سردار خان چانڈیو نے کہا کہ عوام کو بہتر خدمات کی فراہمی اور مسائل کے حل کے لیے حکومتی نمائندوں کا فیلڈ میں موجود ہونا ضروری ہے تاکہ عوام اور حکومت کے درمیان رابطہ مزید مضبوط ہو سکے
Category:Latest




