Latest News & Article

Post: برساتی نالوں کی بحالی، کراچی کے لیے بڑا منصوبہ

برساتی نالوں کی بحالی، کراچی کے لیے بڑا منصوبہ

کراچی: سندھ حکومت نے مالی سال 2026-27 کے ترقیاتی پروگرام میں کراچی کے برساتی نالوں کی تعمیر، بحالی اور بہتری کے لیے اہم منصوبے شامل کر لیے ہیں۔ ان منصوبوں کا مقصد شہر میں بارشوں کے دوران پیدا ہونے والی اربن فلڈنگ کی صورتحال پر قابو پانا اور نکاسیٔ آب کے نظام کو مزید مؤثر بنانا ہے۔

بجٹ دستاویزات کے مطابق کراچی کے بڑے برساتی نالوں کی تعمیر و بحالی کے تیسرے مرحلے کے لیے ایک ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، جبکہ گجر نالہ کی بحالی اور سروس روڈز کی تعمیر کے منصوبے پر بھی ایک ارب 10 کروڑ روپے خرچ کیے جائیں گے۔

اسی طرح ایم-9 موٹر وے سے تھدو نالہ تک اسٹورم واٹر ڈرین منصوبے کے لیے 28 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں، جس کا مقصد بارش کے پانی کی تیز رفتار نکاسی کو یقینی بنانا اور نشیبی علاقوں کو زیرِ آب آنے سے بچانا ہے۔

سندھ حکومت کے مطابق کراچی میں گجر، محمود آباد اور اورنگی نالوں سمیت مختلف برساتی گزرگاہوں کی بہتری کے منصوبے بھی جاری رہیں گے، جبکہ متاثرہ خاندانوں کی آبادکاری کے لیے بھی فنڈز مختص کیے گئے ہیں۔

ماہرین کے مطابق شہر میں تیزی سے بڑھتی آبادی اور موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث نکاسیٔ آب کے جدید نظام کی ضرورت پہلے سے زیادہ بڑھ گئی ہے۔ ان منصوبوں کی تکمیل سے کراچی میں بارشوں کے دوران ٹریفک کی روانی، شہری زندگی اور بنیادی انفراسٹرکچر پر پڑنے والے منفی اثرات میں کمی آنے کی توقع ہے۔

حکومت کا کہنا ہے کہ برساتی نالوں کی بحالی، واٹر ڈرینج نیٹ ورک کی بہتری اور متعلقہ انفراسٹرکچر کی تعمیر شہر کو مستقبل میں اربن فلڈنگ کے خطرات سے محفوظ بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔

Share this post :

Facebook
Twitter
LinkedIn