پاکستان بھر کی بجلی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) نے بجلی کے بل کا نیا ڈیزائن متعارف کروا دیا ہے، جس کا مقصد صارفین کے لیے بل کو آسان، شفاف اور سمجھنے میں سہل بنانا ہے۔
وزارت توانائی کے مطابق نئے بل فارمیٹ کو صارفین کی شکایات اور تجاویز کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کیا گیا ہے تاکہ بجلی کے استعمال، بل کی تفصیلات اور ادائیگی سے متعلق معلومات واضح انداز میں فراہم کی جا سکیں۔
نئے بل میں بجلی کے استعمال، واجب الادا رقم، آخری تاریخ اور دیگر اہم معلومات کو بہتر ترتیب کے ساتھ نمایاں کیا گیا ہے تاکہ صارفین کم وقت میں اپنی بلنگ تفصیلات سمجھ سکیں۔
وزارت کے مطابق پرانے بل کے ڈیزائن میں زیادہ معلومات اور پیچیدہ انداز کی وجہ سے صارفین کو مشکلات کا سامنا تھا، جس کے بعد فارمیٹ میں تبدیلی کی گئی۔
نئے بل میں کیو آر کوڈ کی سہولت بھی شامل کی گئی ہے، جس کے ذریعے صارفین اضافی معلومات اور ڈیجیٹل سروسز تک آسانی سے رسائی حاصل کر سکیں گے۔
ابتدائی طور پر لیسکو، گیپکو اور میپکو کے بل نئے فارمیٹ پر چھپنا شروع ہو گئے ہیں، جبکہ آئسکو میں بھی جلد نئے ڈیزائن کے بل جاری کیے جائیں گے۔ دیگر بجلی کمپنیاں بھی مرحلہ وار نئے فارمیٹ پر منتقل ہوں گی۔
وزارت توانائی کا کہنا ہے کہ بجلی کے شعبے میں شفافیت، کارکردگی اور صارفین کی سہولت کے لیے اصلاحات جاری رہیں گی۔

