نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان 30 ایرانی شہریوں کی بحفاظت واپسی کے لیے سہولت کاری کر رہا ہے، جن کی آمد کراچی کے راستے متوقع ہے۔
اسحاق ڈار کے مطابق ان افراد میں 8 ایرانی ماہی گیر شامل ہیں جنہیں سمندر میں برطانوی جہاز MMA Valour نے ریسکیو کیا تھا، جبکہ 22 ایرانی عملے کے ارکان جہاز Lenore/Davina سے تعلق رکھتے ہیں جنہیں حال ہی میں امریکی حکام نے روکا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ دونوں گروپس آنے والے دنوں میں کراچی سے گزرتے ہوئے ایران واپس جائیں گے۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ایرانی، امریکی اور برطانوی حکام کے ساتھ رابطے میں ہے تاکہ ایرانی شہریوں کی محفوظ منتقلی اور جلد واپسی کو یقینی بنایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان انسانی بنیادوں پر تعاون جاری رکھے گا اور ایسے معاملات میں ہر ممکن مدد فراہم کرتا رہے گا۔
اس سے قبل بھی پاکستان نے سمندر میں روکے گئے جہازوں سے متعلق ایرانی اور پاکستانی شہریوں کی واپسی میں سہولت فراہم کی تھی۔
حکومت پاکستان کے مطابق سفارتی رابطوں کے ذریعے شہریوں کی بحفاظت وطن واپسی کے لیے کوششیں جاری ہیں۔

